ویب ڈیسک: ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں ایک اہم ویڈیو بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے شہریوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے اور افواہوں سے گریز کرنے کی تلقین کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی فیصل کامران نے کہا ہے کہ بطور شہری ہم سب کے کچھ فرائض ہیں جن پر ہمیں عمل کرنا ہوگا۔ ہمارے ادارے، بالخصوص پاک فوج، موجودہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور عملی اقدامات بھی جاری ہیں۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اداروں پر اعتماد رکھیں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر کان نہ دھریں،بہت سی ایسی ویڈیوز جو ماضی کے واقعات سے تعلق رکھتی ہیں، انہیں موجودہ حالات سے جوڑ کر سوشل میڈیا پر پھیلایا جا رہا ہے، جس سے معاشرے میں بے چینی اور غیریقینی کی فضا جنم لے رہی ہے۔
ڈی آئی جی لاہور نے خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی مس انفارمیشن یا ڈس انفارمیشن کا حصہ نہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ سچائی، اعتماد اور اتحاد ہی ملک کو آگے لے جانے کی کنجی ہے۔