ویب ڈیسک: بھارت کے لیجنڈری اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کے ساتھ انڈر 19 کرکٹ کھیلنے والے سابق کھلاڑی امان پریت سنگھ گل کا 36 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، امان پریت سنگھ گل کا انتقال چندی گڑھ میں ہوا۔ مرحوم کرکٹر نے پنجاب کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی اور بھارت کی انڈر 19 ٹیم کا بھی حصہ رہے۔
امان پریت سنگھ گل نے 2007 میں بھارت کی انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کی تھی اور اس دوران ویرات کوہلی کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کیا تھا۔ اپنی تیز بولنگ کے باعث وہ بھارتی انڈر 19 ٹیم کے ساتھ انگلینڈ، سری لنکا اور ملائیشیا کے بین الاقوامی دوروں میں بھی شریک رہے۔
امان پریت سنگھ گل کے انتقال پر بھارتی کرکٹ شخصیات اور شائقین نے افسوس کا اظہار کیا۔ ویرات کوہلی نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں امان پریت گل کے انتقال کی خبر سن کر شدید صدمہ ہوا۔ اسی طرح یوراج سنگھ نے کہا کہ مرحوم ایک خاموش، محنتی اور کرکٹ سے محبت کرنے والے کھلاڑی تھے، اور ان کے جانے پر دلی افسوس ہے۔
امان پریت سنگھ گل کو کرکٹ کمیونٹی میں ان کی خدمات اور لگن کے لیے یاد رکھا جائے گا۔