وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے: صدر زرداری

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے: صدر زرداری
کیپشن: وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے: صدر زرداری

ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری نے معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت کے طور پر ابھرا ہے۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری پیغام میں صدر مملکت نے قوم اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، حکمت عملی اور جرات مندانہ فیصلوں نے معرکۂ حق کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

صدر زرداری نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کی غیرمعمولی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، جبکہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور بحری افواج کی مکمل آپریشنل تیاری اور دفاعی صلاحیتوں کو قومی سلامتی کے لیے قابلِ فخر قرار دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، اور دشمن کی جارحیت کا بھرپور مگر متوازن جواب دے کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا واضح پیغام دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اور پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

صدر زرداری نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی بھارتی کوشش ایک قسم کی آبی دہشت گردی ہے، کیونکہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی اور روزگار کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے افغانستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے، اور بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔

آخر میں صدر زرداری نے اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

Watch Live Public News