ویب ڈیسک: پاکستانی اداکارہ ژالے سرحدی نے شادی کیلئے بھارتی روحانی پیشوا ڈاکٹر انرودھا چاریہ عرف گرو جی سے مزاحیہ انداز میں مشورہ طلب کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ژالے سرحدی نے کئی سپرہٹ ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کے مداح پاکستان سمیت سرحد پار بھی موجود ہیں،ڈراموں کے علاوہ ژالے سرحدی نے اب تک تین فلموں میں بھی اداکاری کی ہے، جن میں ’رام چند پاکستانی‘، ’چلے تھے ساتھ‘ اور ’جلیبی‘ شامل ہیں۔ یہ فلمیں اگرچہ بہت زیادہ بزنس نہ کرسکیں مگر ان میں ژالے کی کارکردگی کو ناقدین نے بے حد سراہا۔
علاوہ ازیں ژالے کی وجہ شہرت سوشل میڈیا بھی ہے جہاں وہ مخلتف اور مزاحیہ ویڈیوز جاری کرکے ہر لمحہ اپنے فینز کو ہنسی کے مارے لوٹ پوٹ کرتی نظر آتی ہیں،ایسی ہی ایک ویڈیو حال ہی میں اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر شیئر کی جس میں انہیں بھارتی مذہبی پیشوا گروجی کی نقل کرتے دیکھا گیا۔
وائرل ویڈیو میں ژالے نےسر پر دوپٹہ اوڑھا ہوا ہے اور شادی کے لیے لڑکا نہ ملنے پر اپناغم بیان کر رہی ہیں، اداکارہ نے کہا’ابھی میں 28 سال کی ہوں، 30 اکتوبر کو 29 سال کی ہو جاؤں گی‘، جس پر گرو جی نے جلد شادی کرنے کا مشورہ دیا۔
مشورہ سن کر اداکارہ اپنا دکھ بیان کرتی ہے کہ ’کوئی ملے گا تو شادی کروں گی، آپ کی نظر میں کوئی ہے تو بتا دیں اس سے شادی کر لوں گی‘۔
بھارتی لڑکی کی نقل کرتے ہوئے اداکارہ کی بات سن کر محفل میں بیٹھے ایک لڑکے کی جانب گرو جی اشارہ کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اس سے کر لو، جس پر لڑکی شرما جاتی ہے۔
مذکورہ ویڈیو پر ژالے کی پرفیکٹ اداؤں کے ساتھ لپ سنگ نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے، اداکارہ کے فینز کا ماننا ہے کہ ژالے نے ہوبہو وہی اداکاری کی ہے جو وائرل ویڈیو میں بھارتی لڑکی اور گروجی کی تھی۔