ملک بھر میں آج عیدمیلاد النبیﷺ عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں آج عیدمیلاد النبیﷺ عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
لاہور: پاکستان بھر میں آج جشن عیدمیلاد النبیﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، شہر شہر چراغاں، مسجدوں، گھروں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21 ، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ عیدمیلاد النبیﷺ پر ملک بھر میں محافل سماع کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے، ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں اور دیہات میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس برآمد ہوں گے، محافل درود و سلام منعقد ہوں گی۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاںﷺ کی کامل تابعداری میں پنہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے حبیب مکرمﷺ کی کامل اتباع واطاعت نصیب فرمائے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے 12 ربیع الاول پر پیغام میں کہاکہ حضورﷺ کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنانے میں ہی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے، قوم اور ملک میں امن، خیر خواہی، دیانت اور ترقی چاہتے ہیں تو اسی مثالی معاشرے کی اعلی اقدار کو اپنانا ہوگا جس کی بنیاد نبی کریم ﷺنے رکھی تھی۔ 12 ربیع الاول کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی کے علاوہ جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ دوسری جانب عید میلاد النبیﷺ پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پنجاب میں جلوسوں کے روٹ پرموبائل فون سروس بند رہے گی، محکمہ داخلہ پنجاب کی درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ نے پی ٹی اے کو مراسلہ بھجوادیا ہے۔ کوئٹہ میں صبح 8 سے رات 8 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی، محکمہ داخلہ بلوچستان نے کہا ہے کہ 12ربیع الاول کے موقع پر سیکورٹی خدشات کے باعث موبائل فون سروس بند رہے گی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔