ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں کشیدگی کم کروانے میں کس شخصیت کا کردار؟

ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں کشیدگی کم کروانے میں کس شخصیت کا کردار؟
کیپشن: ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں کشیدگی کم کروانے میں کس شخصیت کا کردار؟

ویب ڈیسک: پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں — پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی — کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی آنے لگی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی روکنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، جب کہ اس اہم پیش رفت میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کلیدی کردار ادا کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے دونوں جماعتوں کے درمیان رابطوں کا سلسلہ بحال کیا اور پسِ پردہ بات چیت کے ذریعے سیاسی ماحول کو نرم کرنے کی کوشش کی۔ بتایا گیا ہے کہ ماضی میں بھی ان کی دبئی رہائش گاہ پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کے درمیان ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں، جنہوں نے دونوں جماعتوں کے درمیان اعتماد کی بنیاد رکھی تھی۔

ذرائع کے مطابق حالیہ کشیدگی میں کمی لانے کے لیے اسحاق ڈار اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے ہمراہ نواب شاہ پہنچے، جہاں انہوں نے صدر آصف علی زرداری سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی حالات، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بڑھتی ہوئی بیان بازی، اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ نائب وزیراعظم نے صدر زرداری سے درخواست کی کہ دونوں جماعتوں کے رہنما میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے گریز کریں تاکہ حکومت کے اتحادی ڈھانچے کو نقصان نہ پہنچے۔ اس موقع پر صدر زرداری نے مکمل اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ “بیان بازی فوری طور پر بند کی جانی چاہیے تاکہ غیر ضروری تنازعات سے گریز کیا جا سکے۔”

Watch Live Public News