خیبر پختونخوا میں نیا وزیر اعلیٰ لانے کیلئے اپوزیشن جماعتیں متحرک

خیبر پختونخوا میں نیا وزیر اعلیٰ لانے کیلئے اپوزیشن جماعتیں متحرک
کیپشن: خیبر پختونخوا میں نیا وزیر اعلیٰ لانے کیلئے اپوزیشن جماعتیں متحرک

ویب ڈیسک: علی امین گنڈاپور کے استعفے کے بعد خیبر پختونخوا میں نیا وزیر اعلیٰ لانے کیلئے اپوزیشن جماعتیں متحرک ہوگئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعت جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی سیاسی سرگرمیوں میں سرگرم ہوگئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ آج خصوصی طور پر اسلام آباد سے پشاور پہنچیں گے اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکان سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے، ان کی سربراہی میں مشاورت کی جائے گی۔ مولانا فضل الرحمان کے بھائی مولانا لطیف الرحمان کے نام پر بھی مشترکہ امیدوار کے طور پر غور کیا جا رہا ہے جس پر مسلم لیگ ن، جے یو آئی، پیپلز پارٹی اور اے این پی متفق ہو سکتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور یہ مشاورتی اجلاس گورنر ہاؤس میں ہونے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے رہنما عبید اللہ نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس آج ہوگا۔ سیاست میں کچھ بھی ناممکن نہیں، سب کچھ نمبر گیم ہے۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق 91 ارکان آزاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا جیسے حساس صوبے کو ایک بچے کے حوالے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کہ صوبے کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ اپوزیشن کی حکمت عملی حالات کے مطابق طے کی جائے گی۔

Watch Live Public News