(ویب ڈیسک) گوگل کی جانب سے پاکستانی طلبا کو ایک سال تک گوگل اے آئی پرو پلان مفت فراہم کرنیکا اعلان ہے۔
گوگل نے پاکستانی طلبا کے لیے ایک زبردست تعلیمی اقدام کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت 18 سال یا اس سے زائد عمر کے طالبعلم جیمینائی اے آئی پرو پلان کی ایک سالہ مفت سبسکرپشن حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کا مقصد طلبا کو جدید اے آئی ٹولز سے لیس کرنا ہے تاکہ وہ اپنی تعلیم، تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں۔
واضح رہے کہ اس پلان کی پاکستان میں ماہانہ قیمت تقریباً 5,600 روپے ہے، تاہم یہ خصوصی پیشکش اہل طلبا کو بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہے۔
طلبا کو کون سے فیچرز ملیں گے؟
اس پلان کے ذریعے طلبا کو گوگل کے جدید ترین اے آئی فیچرز تک رسائی حاصل ہوگی، جن میں شامل ہیں:
جیمینائی 2.5 ماڈل تک مکمل رسائی: ڈیپ ریسرچ کے فیچرز کے ذریعے تحقیق، اسائنمنٹس اور پراجیکٹس میں آسانی۔
گوگل ایپس میں اے آئی انٹیگریشن: جی میل، ڈاکس، شیٹس، سلائیڈز اور میٹ میں اے آئی کی مدد سے ای میلز کا خلاصہ، پریزنٹیشنز اور ڈیٹا تجزیہ مزید مؤثر۔
نوٹ بک ایل ایم: ذاتی نوعیت کا تحقیقی و تحریری ٹول، جو پانچ گنا زیادہ آڈیو اوورویوز، نوٹس اور دیگر فیچرز فراہم کرتا ہے۔
کریئیٹو ویڈیوز کی تیاری: تحریر یا تصاویر سے جدید ٹولز کے ذریعے ویڈیوز بنانا، جیمنائی ویو 3 اور فلو جیسے فیچرز کی مدد سے۔
2 ٹی بی کلاؤڈ اسٹوریج: گوگل ڈرائیو، جی میل اور فوٹوز میں وافر اسٹوریج تاکہ تعلیمی مواد محفوظ رکھا جا سکے۔
جیمینائی اے آئی پرو پلان کیسے حاصل کریں؟
یونیورسٹی کےطلبا اس مفت سبسکرپشن کے لیے درج ذیل لنک پر جا کر سائن اپ کر سکتے ہیں:
https://one.google.com/intl/en_uk/about/articles/google-ai-for-students/
یہ پیشکش گوگل کے اس مشن کا حصہ ہے جس کا مقصد دنیا بھر کے طلبا کو ایسی جدید اے آئی سہولیات دینا ہے جو ان کی تعلیمی کامیابی اور تخلیقی اظہار کو فروغ دے سکیں۔
جیمینائی اے آئی پرو پلان اب پاکستان سمیت ایشیا پیسفک کے کئی ممالک میں دستیاب ہے۔