آئی سی سی نے آصف علی اور فرید احمد کو جرمانہ کردیا

آئی سی سی نے آصف علی اور فرید احمد کو جرمانہ کردیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے پاکستان کے آصف علی اور افغانستان کے فرید احمد کو میچ کے دوران آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول1 کی خلاف ورزی پر سزا سنادی ہے۔دونو‌ں کو 19 ویں اوور کی پانچویں ڈیلیوری کے بعد ہونے والے جھگڑے کے لیے ان کی میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے ایشیا کپ کے میچ کے دوران آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی پر قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز مڈل آرڈر بیسٹمین آصف علی اور افغانستان ٹیم کے کھلاڑی فرید احمد کو بدھ کے روز 7 ستمبر کو سزا سنا دی گئی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان انیسویں اوور کی پانچویں ڈیلیوری کے بعد جھگڑا ہو تھا، آئی سی سی کے مطابق یہ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے، اس خلاف ورزی پر آئی سی سی نے ان کی میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق آصف علی نے کھلاڑیوں اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے لیے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.6 کی خلاف ورزی کی جس کا تعلق بین الاقوامی میچ کے دوران فحش، جارحانہ یا توہین آمیز اشارہ استعمال کرنے سے ہے۔ فرید احمد کو آرٹیکل 2.1.12 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے، اس کا تعلق 'ایک بین الاقوامی میچ کے دوران کسی کھلاڑی، کھلاڑی کے سپورٹ پرسنل، امپائر، میچ ریفری یا کسی دوسرے شخص (بشمول تماشائی) کے ساتھ نامناسب جسمانی رابطہ سے ہے۔' دوسری جانب آئی سی سی اعلامیے کے مطابق کھلاڑیوں نے اپنا جرم تسلیم کر لیا ہے اورمیچ ریفری اینڈی پائکرافٹ کی طرف سے تجویز کردہ پابندیوں کو قبول کر لیا ہے۔ خیال‌رہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان اعصاب شکن میچ کے اختتام پر افغان باؤلر فرید احمد کے ساتھ الجھ پڑے تھے،یہ میچ کے دوران تناؤ کا لمحہ تھا جب دونوں کے درمیان یہ واقعہ پیش آیا،آصف علی کے 8 گیندوں پر 16 رنز تھے اور افغانستان ٹیم کیلئے اہم چیلنج بنے ہوئے تھے، اس کے بعد فرید احمد نے ایک سست باؤنسر پھینکا جس میں آصف علی ٹریپ ہو گئے. کریم جنت نے شارٹ فائن لیگ پر کیچ کر لیا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فرید احمد وکٹ حاصل کرنے کا جشن منا رہے تھے جبکہ آصف علی پویلین کی طرف جا رہے تھے۔ آخرکار پاکستان نے مقابلہ جیت لیا، نسیم شاہ اس مقابلے میں غیر متوقع ہیرو کے طور پر ابھرے، آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے اور وکٹ صرف ایک تھی. نسیم نے فضل الحق فاروقی کے خلاف پہلی دو گیندوں پر دو زبردست چھکے لگائے اور پاکستان کو فتح دلائی. نتیجہ یہ نکلا کہ پاکستان اور سری لنکا نے ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، بھارت اور افغانستان سپر فور مرحلے سے باہر ہو گئے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔