ملکہ الزبتھ دوم کا انتقال، تعزیت کیلئےصدرمملکت کا برطانوی ہائی کمیشن کا دورہ

ملکہ الزبتھ دوم کا انتقال، تعزیت کیلئےصدرمملکت کا برطانوی ہائی کمیشن کا دورہ
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے انتقال پر تعزیت کیلئے برطانوی ہائی کمیشن کا دورہ۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے انتقال پر تعزیت کیلئے برطانوی ہائی کمیشن کا دورہ کیا ہے.صدر مملکت نے برطانوی ہائی کمیشن میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔ انہوں نے لکھا کہ پاکستانی عوام کی جانب سے غمگین دل سے ملکہ الزبتھ دوم کی وفات پر گہرے دکھ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، ان کا انتقال سات دہائیوں پر محیط ایک دور کے خاتمے کی علامت ہے، ملکہ برطانیہ نے برطانوی عوام اور دولت مشترکہ کیلئے شاندار خدمات انجام دیں تھیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ملکہ برطانیہ کی زندگی عوامی خدمت کیلئے وقف تھی، انہوں نے اپنے فرائض وقار کے ساتھ ادا کیے تھے، میں 1961ء میں 12 سال کے بچے کی حیثیت سے ان کے دورہ پاکستان کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لکھا کہ ملکہ الزبتھ دوم شائستگی ، توازن اور وقار کی علامت تھیں، میں شاہی خاندان اور برطانیہ کے لوگوں سے ایک بار پھر دلی تعزیت کرتا ہوں۔ بعد ازاں صدر مملکت کی برطانوی ہائی کمشنر سے بھی بات چیت ہوئی۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آنجہانی ملکہ بے مثال وقار اور شائستگی کی حامل خاتون تھیں، ان کی خیراتی اداروں کی سرپرستی ، دنیا میں امن کے فروغ کیلئے کوششیں غیر معمولی تھیں۔ برطانوی ہائی کمشنر کے مطابق ملکہ اپنے دل میں پاکستان کے لیے ایک خاص مقام رکھتی تھیں ، ملکہ الزبتھ دوم نے اپنے آخری پیغام میں پاکستان کے سیلاب زدگان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔