ویب ڈیسک: نیپال میں کرپشن اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بندش کیخلاف ہونے والے مظاہروں کے نتیجے میں وزیراعظم کے پی شرما اولی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
وزیراعظم کے سیکرٹریٹ نے ان کے استعفیٰ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اولی نے ملک میں جاری بحران کے آئینی حل کیلئے عہدہ چھوڑا ہے۔ کرپشن اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بندش کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں 20 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ نیپال کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جن میں اہم سیاسی شخصیات کے گھروں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جن میں وزیراعظم اولی اور سابق وزیراعظم شیر بہادر کا گھر بھی شامل ہے۔ مظاہرین نے سیاسی جماعتوں کے ہیڈکوارٹرز کو بھی ہدف بنایا۔
سول سروسز ہسپتال کے مطابق، اب تک 250 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
کھٹمنڈو میں کرفیو کے باوجود ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، جس کے نتیجے میں فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ اس کشیدہ صورتحال کے پیش نظر، تری بھون ائیرپورٹ جزوی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور فضائی آپریشن متاثر ہو رہے ہیں۔