ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری کا میجر عدنان اسلم کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار، کہا قوم اپنے شہید بیٹوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، سینئر رہنما ایم کیو ایم پاکستان انیس قائمخانی نے بھی میجر عدنان شہید کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ میجر عدنان اسلم بھارتی پشت پناہی یافتہ فتنہ الخوارج سے لڑتے ہوئے چند روز قبل شدید زخمی ہوئے تھے ، میجر عدنان اسلم نے جرات اور بہادری سے قومی فریضہ ادا کیا، قوم اپنے شہید بیٹوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، صدر مملکت نے دعا کی اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ قوم اپنے شہیدوں کی قربانیوں کی بدولت پرامن مستقبل کی طرف بڑھ رہی ہے، دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، شہداء کی قربانیاں پاکستان کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں، صدر مملکت نے شہید کے اہل خانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب سینئر رہنما ایم کیو ایم پاکستان انیس قائمخانی نے میجر عدنان شہید کی شہادت پر اظہار افسوس کیا، انیس قائمخانی کا کہنا تھا کہ میجر عدنان شہید کی قربانی وطن کی بقا اور دفاع کی ضمانت ہے۔
قوم اور افواج پاکستان ایک ساتھ کھڑے ہیں، دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں مل جائیں گے، پاکستان کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انیس قائمخانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ میجر عدنان شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔