وزیراعظم شہباز شریف سے قازقستان کے نائب وزیر اعظم کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے قازقستان کے نائب وزیر اعظم کی ملاقات

ویب ڈیسک: وزیراعظم سے قازقستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کی ملاقات، قازقستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ مورات نورتیلو  نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، قازق نائب وزیراعظم پاکستان کے سرکاری دورے پر وزارتی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

 وزیراعظم نے قازقستان کے نائب وزیر اعظم کا پاکستان کے پہلے دورے پر خیرمقدم کیا، وزیراعظم نے صدر قاسم جومارت توکایوف کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک میں مشترکہ دلچسپی کے متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی باہمی خواہش ہے۔

وزیراعظم  نے قازقستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، رابطوں (فضائی، ریل اور سڑک کے ذریعے) اور عوام سے عوام کے تبادلے میں پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان قازقستان کے صدر کے دورے کو بہت اہمیت دے رہا ہے، وزیر اعظم نےمختلف مفاہمتی یادداشتوں اور زیر غور معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے وفد آستانہ بھیجنے کی پیشکش  کی۔

وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریق پچھلے کئی مہینوں سے باقاعدہ بات چیت کرتے رہے ہیں، توقع ہے کہ اس سال کے آخر میں قازقستان کے صدر کے دورہ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اہم مفاہمتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

قازقستان کے نائب وزیر اعظم نے گرمجوش مہمان نوازی پر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا ، قازق نائب وزیراعظم نے وزیراعظم کو اپنے ہم منصب اسحاق ڈار کے ساتھ اپنی تفصیلی بات چیت سے آگاہ کیا۔ 

 قازق نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر توکایوف کا آئندہ دورہ اسلام آباد انتہائی تاریخی اور کامیاب ہو گا اور اس سے پاکستان اور قازقستان تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

  نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر مواصلات عبد العلیم خان، وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر ریلوے حنیف عباسی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ نے بھی ملاقات میں موجود تھے۔

Watch Live Public News