ویب ڈیسک: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر فعال، منسوخ یا زیرِ استعمال نہ رہنے والے موبائل نمبرز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق ایسے نمبرز سے منسلک بعض واٹس ایپ اکاؤنٹس فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں، جس کے پیش نظر کارروائی کسی بھی وقت شروع کی جا سکتی ہے۔
اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو موجودہ اور فعال موبائل نمبرز سے منسلک رکھیں۔
پی ٹی اے کے مطابق موبائل نمبر تبدیل کرنے والے صارفین واٹس ایپ میں موجود Change Number کا آپشن بروقت استعمال کریں، تاکہ اکاؤنٹ پر ان کا کنٹرول برقرار رہے۔
صارفین کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اپنی سمز کی موجودہ حیثیت کی تصدیق کریں اور غیر فعال نمبرز کی صورت میں بروقت ضروری اقدامات کریں۔