فرانس چند مہینوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتا ہے: صدر ایمانوئل میکرون

فرانس چند مہینوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتا ہے: صدر ایمانوئل میکرون
کیپشن: فرانس چند مہینوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتا ہے: صدر ایمانوئل میکرون

ویب ڈیسک: فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا ہے کہ فرانس آنے والے مہینوں میں فلسطین کو باقاعدہ ریاست کے طور پر تسلیم کر سکتا ہے، اور یہ اقدام اسرائیل و فلسطین تنازع کے پرامن حل کی طرف ایک اہم قدم ہو گا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق، صدر میکرون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس ارادے کا اظہار کیا کہ فرانس اقوام متحدہ کی زیر نگرانی ہونے والی آئندہ امن کانفرنس میں اس فیصلے کو حتمی شکل دینے کا خواہاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ "ہمیں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی جانب پیش قدمی کرنی چاہیے، اور ہم آئندہ چند مہینوں میں اس سمت میں واضح اقدام کریں گے۔"

"یہ فیصلہ کسی کو خوش کرنے کے لیے نہیں": میکرون

صدر میکرون نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ان کا یہ فیصلہ کسی سیاسی دباؤ یا خوشنودی کے لیے نہیں بلکہ اصولی بنیادوں پر ہے۔
انہوں نے کہا "میں یہ فیصلہ کسی کو خوش کرنے کے لیے نہیں کر رہا، بلکہ میرا یقین ہے کہ یہی درست اور منصفانہ راستہ ہے۔"

فلسطینی قیادت کا خیر مقدم

فلسطینی حکام نے فرانسیسی صدر کے اس بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ اور دو ریاستی حل کی طرف ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔

فلسطینی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ " فرانس کا یہ مؤقف عالمی برادری کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے جو مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام اور فلسطینی عوام کے جائز حق خودارادیت کے حق میں ہے۔"

Watch Live Public News