ویب ڈیسک: برطانوی بادشاہ چارلس اور ان کی اہلیہ ملکہ کمیلا نے اپنے اٹلی کے سرکاری دورے کے دوران ویٹیکن سٹی میں پوپ فرانسس سے ایک نجی ملاقات کی۔ یہ ملاقات بادشاہ اور ملکہ کی شادی کی 20ویں سالگرہ کے موقع پر ہوئی، جس میں پوپ فرانسس نے شاہی جوڑے کو مبارکباد پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق یہ ملاقات ابتدائی طور پر شیڈول کا حصہ نہیں تھی اور اسے ویٹیکن کے "کاسا سانتا مارٹا" میں ایک نجی نوعیت کی ملاقات کے طور پر منعقد کیا گیا۔ اس مقام پر پوپ فرانسس حال ہی میں اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد آرام کر رہے ہیں۔ ملاقات کی تصدیق بدھ کے روز ہوئی، جب شاہی جوڑا اٹلی کے اپنے دورے کے تیسرے دن روم میں موجود تھا۔
بعد ازاں بکنگھم پیلس کی جانب سے اس ملاقات کے حوالے سے باضابطہ بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ بادشاہ اور ملکہ پوپ کی طرف سے نیک تمناؤں کے پیغامات سے بہت متاثر ہوئے اور ان کے ساتھ ذاتی طور پر ملاقات کو ایک اعزاز سمجھتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ملکہ کمیلا نے پوپ فرانسس کی صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ پوپ کی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔ اس موقع پر ملکہ نے پوپ کی صحت دریافت کرنے کے تجربے کو ذاتی طور پر بہت خوشی کا باعث قرار دیا۔
ملاقات کے دوران پوپ فرانسس اور شاہی جوڑے کے درمیان تحائف کا تبادلہ بھی ہوا، جسے دونوں فریقوں کی جانب سے خیر سگالی کا اظہار سمجھا گیا۔ یہ ملاقات تقریباً 20 منٹ تک جاری رہی، اور اس کی ایک تصویر ویٹیکن کی جانب سے جمعرات کو جاری کی گئی، جسے بعد میں برطانوی شاہی خاندان کے X (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا گیا۔ تصویر کے ساتھ اطالوی زبان میں کیپشن دیا گیا: "Che occasione speciale" جس کا مطلب ہے "کیا خاص موقع تھا۔"
یاد رہے کہ اس سے قبل بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کا ویٹیکن سٹی کا باضابطہ دورہ طے شدہ تھا، مگر پوپ فرانسس کی خراب صحت کی وجہ سے یہ دورہ ملتوی کردیا گیا تھا۔ پوپ فرانسس 14 فروری کو خراب صحت کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہوئے تھے اور تقریباً ایک ماہ تک علاج کے بعد 23 مارچ کو اسپتال سے ڈسچارج ہوگئے تھے۔ اس کے بعد وہ ویٹیکن میں آرام کر رہے ہیں۔
شاہی جوڑا اس وقت اپنے سرکاری دورے پر اٹلی میں ہے، جہاں ان کا مقامی حکومت اور عوام کی جانب سے پُر تپاک استقبال کیا جا رہا ہے۔ ویٹیکن میں پوپ فرانسس سے ملاقات کو اس دورے کا ایک روحانی اور اہم جزو سمجھا جا رہا ہے۔