(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک تاریخ ساز موقع پر قوم سے مخاطب ہوں، اللہ کے فضل سے خلیج میں جنگ کی نہیں ، امن کی باتیں ہو رہی ہیں ۔اس اہم موقع پر فریقین جنگ بندی کے ساتھ بات چیت پر راضی ہوئے۔ ایران اور امریکہ کی قیادت نے جنگ بندی کی تجویز پر اتفاق کیا، اس پر شکر گزار ہوں۔دونوں ملکوں کی لیڈرشپ ہماری پرخلوص دعوت پر مذاکراتی عمل کیلئے اسلام آباد آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف پاکستان کیلئے نہیں ، عالم اسلام کیلئے قابل فخر لمحہ ہے۔اس نازک موقع پر پاکستان کی قیادت نے انتہائی محتاط انداز میں اعتماد کا مظاہرہ کیا ۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم کی انتھک کوششوں کو خراج تحسین ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے شاندار کردار کو سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عارضی جنگ بندی ہوچکی، مستقل امن کا کٹھن مرحلہ بات چیت سے طے کرنا ہے۔قوم سے درخواست ہے کہ مذاکراتی عمل کی کامیابی کیلئے دعا کرے۔دعاگو ہیں کہ رب ذولجلال مذاکرات کو کامیابی سے ہمکنار کرے۔
انہوں نے کہا کہ امن عمل کی کامیابی سے ان گنت معصوم زندگیاں بچ جائیں گی۔پاکستانی قیادت مذاکراتی عمل کی کامیابی کیلئے خلوص نیب سے مصروف عمل ہے۔عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آیا۔وعدہ تھا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کا فوری فائدہ عوام کو منتقل کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے کمی کا اعلان کردیا ، جس کے بعد نئی قیمت 366 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ، ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے ہوگئی۔