ویب ڈیسک: شہر قائد میں ٹریفک حادثات رکے نہ ہی قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع، تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار باپ زخمی جبکہ بیٹا اور بیٹی جان کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ فیڈرل بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر پیش آیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے بھائی اور بہن کی لاشیں اور زخمی والد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس حادثے کے بعد مشتعل افراد نے 7 ڈمپر جلا دیئے۔
خیال رہے کہ کراچی میں رواں سال کے 7 ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں 546 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 425 مرد ، 51 خواتین ، 51 بچے اور 19 بچیاں شامل ہیں۔ حادثات میں 8 ہزار 136 شہری زخمی بھی ہوئے۔ زخمی افراد میں 6411 مرد ، 1237 خواتین ، 398 بچے اور 120 بچیاں شامل ہیں۔
219 روز میں ہیوی گاڑیوں کے خونی و جان لیوا ٹریفک حادثات میں 165 شہری جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ سب سے زیادہ 62 خونی و جان لیوا حادثات کا ذمہ دار ٹریلر نکلا۔ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 37 افراد ، ڈمپر کی ٹکر سے 32 افراد جاں بحق ہوئے۔ بس کی ٹکر سے 20 افراد جبکہ مزدا کی ٹکر سے 14 افراد لقمہ اجل بن گئے۔