ویب ڈیسک: ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ ایکس‘ نے کریئیٹر ریونیو شیئرنگ پروگرام ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس کی جگہ نیا Original Content Rewards پروگرام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکس کے مطابق نئے صارفین کے لیے پرانے پروگرام میں رجسٹریشن 7 اگست 2026 سے بند کردی گئی ہے، جبکہ موجودہ کریئیٹرز کو آخری ادائیگیاں پروگرام کے اختتام سے قبل کی جائیں گی۔ 7 ستمبر تک جمع ہونے والی آمدنی پرانے پروگرام کے تحت ادا کی جائے گی اور آخری ادائیگی تقریباً 11 ستمبر کو متوقع ہے۔
ایکس کی ہیڈ آف کریئیٹرز الیگرا جیکیا کے مطابق موجودہ پروگرام کا مراعاتی نظام اپنے بنیادی مقصد سے ہٹ گیا تھا، کیونکہ بعض صارفین دوسروں کے مواد کو دوبارہ استعمال کرکے آمدنی حاصل کر رہے تھے۔ نئے پروگرام کا مقصد اصل، منفرد اور تخلیقی مواد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
نئے پروگرام کے لیے شرائط
Original Content Rewards کے لیے درخواست دینے والے کی عمر کم از کم 18 سال، ایکس کا پرسنل یا بزنس اکاؤنٹ، فعال Premium سبسکرپشن اور کم از کم 500 تصدیق شدہ فالوورز ہونا ضروری ہے۔
اس کے علاوہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران کم از کم 50 لاکھ آرگینک امپریشنز حاصل کرنا اور ایکس کی مونیٹائزیشن پالیسیوں کی پابندی بھی لازمی ہوگی۔
نئے پروگرام میں اصل رپورٹنگ، تجزیے، تبصرے، ویڈیوز، میمز، تصاویر اور دیگر تخلیقی مواد پر معاوضہ دیا جائے گا۔ آمدنی کا تعین اہل امپریشنز، ناظرین، مواد کی نوعیت اور بامعنی انگیجمنٹ سمیت مختلف عوامل کی بنیاد پر ہوگا۔
ایکس کے مطابق اہل کریئیٹرز کو ہر دو ہفتے بعد ادائیگی کی جائے گی، جبکہ کم از کم ادائیگی 30 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ ادائیگی کے لیے Stripe اکاؤنٹ یا دستیاب ہونے کی صورت میں X Money اکاؤنٹ منسلک کرنا ہوگا، جبکہ شناخت کی تصدیق بھی ضروری ہوگی۔
غیر واضح اے آئی مواد پر کارروائی
ایکس نے اے آئی سے تیار کردہ جنگی یا مسلح تنازعات سے متعلق مواد کے حوالے سے بھی مونیٹائزیشن قوانین سخت کردیے ہیں۔
پلیٹ فارم کے مطابق اے آئی سے تیار کردہ جنگی ویڈیو کو مصنوعی طور پر تیار کردہ قرار دیے بغیر پوسٹ کرنے والے کریئیٹر کو 90 دن کے لیے مونیٹائزیشن سے معطل کیا جاسکتا ہے۔ مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں مستقبل میں مونیٹائزیشن سے مستقل محرومی بھی ہوسکتی ہے۔
ایکس کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے ذریعے اصل اور تخلیقی مواد کی حوصلہ افزائی جبکہ نقل شدہ اور غیر واضح اے آئی مواد کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔