وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت انصاف،مساوات اورانسانی حقوق کیلئےکام کرتی رہےگی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر یہ لازم ہے کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ بھارت نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم رکھا ہوا ہے، حق خود ارادیت لوگوں کی اجتماعی اور انفرادی آزادی کا نام ہے، حق خود ارادیت کو دہشتگردی اور انسداد دہشتگردی کے بیانیے کے ذریعے پامال کیا گیا ہے ، فوجی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے آزادی کے حق کو کچلنے کی کوشش کی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے اپنی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت کو جاری رکھے گا، اس سلسلے میں ہمیں اپنی اجتماعی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بانیِ پاکستان کے ویژن کو فراموش نہیں کرناچاہیے، قائداعظم ایک آزاد ملک چاہتے تھے جہاں ہر ایک کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال کا تھیم آزادی ، وقار اور انصاف سب کیلئے ہے، یہ نظریات اقتصادی، شہری ، سماجی سیاسی خوشحالی کیلئے ضروری ہیں، پاکستان کا آئین ان اقدار کو بطور بنیادی حقوق شامل کر کے اس وژن کی ترجمانی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سال پاکستان کے لئے خاصا مشکل رہا ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں اور معاشی عدم استحکام کی وجہ سے عوام نے بہت نقصان اٹھایا ہے، ہمیں پائیدار ترقی کے ایجنڈا 2030 کے اہم اصولوں سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔ خیال رہے کہ اقوام متحدہ (یواین) جنرل اسمبلی نے 74 سال قبل انسانی حقوق کا عالمی منشورمنظور کیا تھا۔