10 دسمبر تک درخواستیں جمع کروانے والے تمام 79 ہزار عازمین حج کامیاب قرار

10 دسمبر تک درخواستیں جمع کروانے والے تمام 79 ہزار عازمین حج کامیاب قرار

(ویب ڈیسک ) 10 دسمبر تک درخواستیں جمع کروانے والے تمام 79 ہزار عازمینِ حج کامیاب قرار دے دیے گئے۔

وزارتِ مذہبی امور نے حج درخواست گزاروں کو بڑی خوش خبری سنا دی۔ 10 دسمبر تک درخواستیں جمع کروانے والے تمام 79 ہزار عازمینِ حج کامیاب قرار دے دیے گئے۔

ترجمان مذہبی امور کا کہنا ہے کہ  گذشتہ ایک ہفتہ کی توسیع کے دوران 10 ہزار سے زائد نئی درخواستیں جمع ہوئیں۔ عازمینِ حج کے اصرار پر چند ہزار خالی نشستوں پر ’’پہلے آئیے پہلے پائیے ’’کی بنیاد پر درخواستوں کی وصولی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حج کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستیں روکنے کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے حج درخواست گزاروں کو ہدایت کی  کہ   درخواست جمع کروانے کے بعد متعلقہ بینک سے کمپیوٹرائزڈ رسید ضرور حاصل کریں۔ کمپیوٹرائزڈرسید پر درج تاریخ اور وقت کے حساب سے ’’پہلے آئیے پہلے پائیے ’’کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ  سپانسرشپ حج اسکیم بھی ’’پہلے آئیے پہلے پائیے ’‘ کی بنیاد پرجاری رہے گی ۔ سرکاری کوٹہ مکمل ہونے پر حج واجبات کی دوسری قسط کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ 

ان کا  کہنا تھا کہ عازمینِ حج نئی ہدایات مثلا بقیہ حج واجبات کا شیڈول، تربیت اور پروازوں کی اطلاع کے لیے اپنے سمارٹ فون پر ’’پاک حج موبائل ایپ ’‘ کا استعمال لازمی کریں۔

Watch Live Public News