اگر مائنس ون ہوا تو اس کے بعد ایک بھی باقی نہیں رہے گا،بیرسٹر گوہر

اگر مائنس ون ہوا تو اس کے بعد ایک بھی باقی نہیں رہے گا،بیرسٹر گوہر
کیپشن: اگر مائنس ون ہوا تو اس کے بعد ایک بھی باقی نہیں رہے گا،بیرسٹر گوہر

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایک فرد کو مائنس کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج بہت سنگین ہوں گے اور پھر "ایک بھی باقی نہیں رہے گا"۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے حالات مزید بے قابو ہو سکتے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سیاست کاروبار نہیں کہ دو میں سے ایک کو نکال دیں تو دوسرا بچ جائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کے ساتھ واٹر کینن کا استعمال کیا گیا، جو ناقابلِ قبول ہے۔ “Enough is enough”۔

گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقاتیں روکی جا رہی ہیں، جو بھی ملاقات کے لیے جاتا ہے اس پر واٹر کینن چلا دیا جاتا ہے۔ “اگر وہ دو گھنٹے بیٹھ بھی جاتے تو قوم کا کیا نقصان ہو جانا تھا؟”

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملاقات نہ کروانے کا جواز خان کی ٹویٹ کو بنایا جا رہا ہے، جبکہ بشریٰ بی بی کے خاندان کی پریس کانفرنسیں جاری ہیں۔ان کی ملاقاتوں پر پابندی کیوں؟

چیئرمین پی ٹی آئی نے خبردار کیا کہ موجودہ طرزِ عمل سے کچھ حاصل نہیں ہوگا بلکہ نتائج ایسے نکل سکتے ہیں جنہیں کوئی کنٹرول نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تین کروڑ عوام کی نمائندگی کرتی ہے اور اسی لیے سسٹم کا حصہ ہے تاکہ جمہوریت قائم رہے۔

مزید کہا کہ گزشتہ روز صوبائی اسمبلی میں منظور ہونے والی قرارداد کے بعد وفاق کی اکائیوں کو ایک دوسرے کے سامنے لایا جا رہا ہے۔ “ پی ٹی آئی پر آپ کس قسم کی پابندی لگانا چاہتے ہیں؟ آپ نے ابھی تک سرٹیفیکیٹ بھی قبول نہیں کیا۔ اگر حالات ایسے ہی رہے تو چند ہفتوں میں صورتحال آپ کے ہاتھ سے نکل جائے گی۔”

Watch Live Public News