بگ بیش لیگ: سڈنی سکسرز نے اسٹار بیٹر بابراعظم  کیلئے منفرد جرسی نمبر  متعارف کرادیا

بگ بیش لیگ: سڈنی سکسرز نے اسٹار بیٹر بابراعظم  کیلئے منفرد جرسی نمبر  متعارف کرادیا

(ویب ڈیسک )آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش (بی بی ایل) کی ٹیم سڈنی سکسرز نے پاکستانی اسٹار بیٹر بابراعظم کے لیے ایک خاص اور منفرد جرسی نمبر متعارف کرا دیا ہے۔

بی بی ایل کا سیزن 15، جس کا آغاز 14 دسمبر سے ہو رہا ہے، میں بابراعظم سڈنی سکسرز کی نمائندگی کریں گے۔ بابر اسی ہفتے لیگ میں شرکت کے لیے سڈنی پہنچے ہیں۔

فرنچائز نے سیزن کے آغاز سے قبل بابراعظم کے لیے قومی کرکٹ میں ان کے روایتی نمبر 56 کی بجائے تین ہندسوں پر مشتمل نیا جرسی نمبر  056 متعارف کرایا ہے۔ سڈنی سکسرز نے سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں بابر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں نئی جرسی کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بابر کو یہ نیا نمبر اس لیے دیا گیا ہے کیونکہ ٹیم کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک پہلے ہی نمبر 56 استعمال کر رہے ہیں۔ 

سڈنی سکسرز نے اپنے بیان میں بتایا کہ سیزن 15 میں بابراعظم جرسی نمبر 056 جبکہ اسٹارک 56 نمبر پہنیں گے۔

واضح رہے کہ بگ بیش لیگ 14 دسمبر سے 25 جنوری 2026 تک جاری رہے گی جس میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔

Watch Live Public News