(ویب ڈیسک ) سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا کا 304 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے 8 گیندوں پہلے ہی حاصل کرلیا اور فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے 4 وکٹ پر 48 اعشاریہ 4 اوورز میں 308 رنز بناکر میچ 6 وکٹ سے اپنے نام کیا۔
سہ فریقی سیریز میں نیوزی لینڈ کی یہ لگاتار دوسری فتح ہے، جس کے ساتھ وہ فائنل میں پہنچ گئی ہے جبکہ دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ 12 فروری کو پاکستان اور جنوبی افریقا کے میچ کے بعد ہوگا۔
دوسری اننگز کی خاص بات کین ولیم سن کی سنچری ہے، جنہوں نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 133 رنز کی باری کھیلی، دوسرے کھلاڑیوں میں ڈیوان کانوے 97، مچل 10، لیتھم صفر اور ینگ 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 304 رنز بنائے، بیٹر میتھیو بریٹز نے ڈیبیو پر سنچری اسکور کی، انہوں نے 150رنز کی اننگز کھیلی۔
میتھیو بریٹز کے ڈیبیو پر 150رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔جنوبی افریقا کی جانب سے ویان ملڈر نے 64 اور جیسن اسمتھ نے 41 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے میٹ ہینری اور ول او رورکی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔