ویب ڈیسک: سندھ کابینہ نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن کی منظوری دے دی ہے، جس سے ان کی پراپرٹی کی رجسٹریشن میں بڑی سہولت ملے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف اہم منصوبوں اور اصلاحات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاڑکانہ میں 4.3 ارب روپے کی لاگت سے فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ قائم کی جائے گی۔
کابینہ نے بورڈ آف ریونیو اور سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان 5 سالہ ای اسٹیمپنگ معاہدے کی منظوری دی، جس کے تحت سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ماہانہ 70 لاکھ روپے سروس چارجز ادا کیے جائیں گے۔
اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن کی منظوری کے ساتھ ساتھ سندھ رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترمیم بھی کی جائے گی تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پراپرٹی رجسٹریشن آسان ہو سکے۔
کابینہ نے ٹیکس قوانین پر عمل کرنے والے اداروں کے لیے سیس کی شرح کو کم کر کے 0.8 فیصد کرنے کی تجویز بھی منظور کی، جب کہ ایکسپورٹ فیسیلی ٹیشن اسکیم کے تحت دوبارہ برآمد ہونے والے سامان پر سیس کی مکمل چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ تمام تجاویز سندھ کابینہ نے منظور کر کے صوبائی اسمبلی کو ارسال کر دی ہیں۔