حکومت اکیلے استحکام نہیں لا سکتی، وفاقی وزیر

حکومت اکیلے استحکام نہیں لا سکتی، وفاقی وزیر
وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت اکیلے استحکام نہیں لاسکتی ہے ، بحرانوں سے نکلنے کیلئے اسٹیبلشمنٹ ، عدلیہ اور تمام جماعتوں کو ایک نکتے پر آنا ہو گا ۔ لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو ڈیفالٹ کے کنارے تک لے آئے تھے، حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا ہے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کرنے کیلئے نہیں بلکہ ملک بچانے کے لیے ہی آئی ہے، صوبائی حکومتوں اور مرکز میں اختلافات ہوتے ہی ہیں لیکن قومی مسائل پر تمام حکومتوں کو ایک ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ آج سب سے بڑا مسئلہ معاشی بحران کو ختم کرنے کا ہے اور ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کا سلسلہ بھی بند ہو جانا چاہیے ۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل کے حل کیلئے بنیادی اختلافات ختم کرنا ہوں گے، سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے سے بات چیت کا سلسلہ جاری کرنا چاہیے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں سچ بولنا چاہیے، کسی کو سیاسی طور پر مائنس نہیں کیا جا سکتا ہے ، کوئی بھی سیاستدان اپنے کرتوتوں کے باعث ہی مائنس ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ریلوے 4 ، 5 طریقے سے اپنے اخراجات کو پورا کر سکتا ہے، اگر ریلوے اپنی زمین کو استعمال ہی نہیں کرے گا تو اخراجات پورے نہیں ہوں گے ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔