پاکستان میں 450 ارب ڈالر مالیت کے جواہرات کے ذخائر کا انکشاف

پاکستان میں 450 ارب ڈالر مالیت کے جواہرات کے ذخائر کا انکشاف
کیپشن: پاکستان میں 450 ارب ڈالر مالیت کے جواہرات کے ذخائر کا انکشاف

ویب ڈیسک: پاکستان میں تقریباً 450 ارب ڈالر مالیت کے جواہرات اور قیمتی پتھروں کے ذخائر موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں جواہرات اور قیمتی پتھروں کے لیے قومی پالیسی فریم ورک کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رواں سال فریم ورک کے تحت تفویض کیے گئے تمام اقدامات پر فوری اور مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان میں جواہرات اور قیمتی پتھروں کے وسیع قدرتی ذخائر موجود ہیں، جن کے درست جغرافیائی تعین اور مالیت جانچنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر جامع جیولوجیکل سروے کرایا جائے۔

وزیراعظم نے رواں برس ملک میں جیم اسٹونز کے دو مثالی سینٹرز آف ایکسیلینس قائم کرنے کی بھی ہدایت کی، تاکہ مقامی ذخائر کو بروئے کار لاتے ہوئے برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکے۔

اجلاس میں تمام متعلقہ وفاقی اداروں، صوبائی حکومتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو مشاورت کے عمل میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس کے علاوہ عالمی معیار کی لیبارٹریز اور سرٹیفیکیشن سسٹمز کے نفاذ کے لیے فوری اقدامات اورغیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کو اولین ترجیح قرار دیا گیا۔

Watch Live Public News