ایران میں مہنگائی کے خلاف پرتشددمظاہرے، متعدد شہر متاثر، ہلاکتوں کے متضاد دعوے

ایران میں مہنگائی کے خلاف پرتشددمظاہرے، متعدد شہر متاثر، ہلاکتوں کے متضاد دعوے
کیپشن: ایران میں مہنگائی کے خلاف پرتشددمظاہرے، متعدد شہر متاثر، ہلاکتوں کے متضاد دعوے

ویب ڈیسک: امریکی جریدے ٹائم میگزین کے مطابق ایران میں مہنگائی کے خلاف جاری حکومت مخالف مظاہرے شدت اختیار کر گئے ہیں، جن کے دوران مختلف شہروں میں شدید جھڑپیں، توڑ پھوڑ اور آتش زنی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم میں کئی سرکاری و عوامی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ احتجاج کے دوران 26 بینکوں، 25 مساجد، 2 ہسپتالوں اور 48 فائر ٹرکوں کو نقصان پہنچایا گیا جبکہ متعدد پولیس اسٹیشنز اور سرکاری عمارتوں پر بھی حملے کیے گئے۔ بسوں، ایمبولینسوں اور شہریوں کی گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

سکیورٹی اداروں نے ملک بھر میں تقریباً 2500 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بدستور معطل ہے۔

ٹائم میگزین کے مطابق تہران کے ایک ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دارالحکومت کے صرف چھ ہسپتالوں میں 217 مظاہرین کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے بیشتر افراد گولی لگنے سے جان کی بازی ہار گئے۔ تاہم ایرانی حکام نے سرکاری طور پر ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی۔

ادھر واشنگٹن ڈی سی میں قائم ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ اب تک کم از کم 63 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں 49 عام شہری شامل ہیں۔

ایرانی میڈیا نے کرمانشاہ میں مظاہروں کے دوران شرپسند عناصر کی فائرنگ کی ویڈیو جاری کی ہے جس میں نقاب پوش افراد کو اسلحہ استعمال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایران میں پاکستانی شہریوں کے لیے کرائسس مینجمنٹ یونٹ قائم

ایران میں بگڑتی صورتحال کے پیش نظر پاکستانی سفارتخانے نے شہریوں کی مدد کے لیے کرائسس مینجمنٹ یونٹ قائم کر دیا ہے۔ تہران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو کے مطابق پاکستانی شہری 24 گھنٹے معاونت کے لیے درج ذیل نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں:

فرحان علی: 00989107648298
فیضان: 00989906824496
کاشف علی: 00989938983309

کرائسس یونٹ کے لینڈ لائن نمبرز:
00982166941388
00982166944888

 فسادی عناصر امریکا کو خوش کرنا چاہتے ہیں،ایرانی سپریم لیڈر

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا کے ہاتھ ایرانیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور بعض فسادی عناصر عوامی املاک کو نقصان پہنچا کر  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کرائے کے فوجیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گا۔

آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی عوام پر زور دیا کہ وہ اتحاد برقرار رکھیں اور امریکی قیادت کو اپنے داخلی مسائل پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔

ایران کااقوام متحدہ سے مداخلت روکنے کا مطالبہ

ایرانی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ سے ریاستی خودمختاری کے تحفظ اور بیرونی مداخلت روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کے داخلی معاملات پر امریکی بیانات مداخلت اور گمراہ کن ہیں۔

ایران نے سلامتی کونسل کو خط لکھ کر امریکی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات خطے میں عدم استحکام کا سبب بن رہے ہیں۔

 غیر ملکی عناصر پر تشدد کو ہوا دینے کا الزام

پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ غیر ملکی حمایت یافتہ عناصر نے احتجاج کو پرتشدد رخ دینے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی مداخلت ریاستی خودمختاری کے اصولوں کے خلاف ہے۔

ایرانی سفیر کے مطابق ایرانی عوام کی اکثریت ریاست اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور قوم اپنی تہذیب، وحدت اور قیادت کے ساتھ ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔

Watch Live Public News