نیند میں منہ سے رال بہنا: معمولی عادت یا کسی بیماری کی علامت؟

نیند میں منہ سے رال بہنا: معمولی عادت یا کسی بیماری کی علامت؟
کیپشن: نیند میں منہ سے رال بہنا: معمولی عادت یا کسی بیماری کی علامت؟

ویب ڈیسک: صبح اٹھنے پر تکیے پر منہ سے بہتی ہوئی رال دیکھنا بظاہر شرمندگی کا باعث بن سکتا ہے، تاہم طبی ماہرین کے مطابق یہ مسئلہ اتنا غیر معمولی نہیں جتنا عام طور پر سمجھا جاتا ہے۔ طبّی اصطلاح میں اس کیفیت کو سیالوریا (Sialorrhea) کہا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق نیند کے دوران رال بہنا اکثر اس بات کی علامت ہوتا ہے کہ انسان گہری اور پُرسکون نیند میں تھا، اس لیے عموماً گھبرانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ تاہم بعض صورتوں میں یہ کیفیت چند صحت کے مسائل کی جانب اشارہ بھی کر سکتی ہے۔

صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند کے دوران رال بہنے کی عام وجوہات میں چہرے کے پٹھوں کا ڈھیلا پڑ جانا، منہ کے ذریعے سانس لینا اور سونے کی غلط پوزیشن شامل ہیں۔ یہ مسئلہ خاص طور پر اس وقت زیادہ ہوتا ہے جب کوئی شخص کروٹ کے بل یا پیٹ کے بل سوتا ہے۔

تاہم اگر نیند میں رال بہنے کا مسئلہ بار بار یا طویل عرصے تک برقرار رہے تو یہ ناک بند ہونے، معدے کی تیزابیت (ایسڈ ریفلکس)، دانتوں یا مسوڑھوں کی بیماریوں اور بعض اعصابی عوارض کی علامت بھی ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق کچھ سنگین اعصابی یا دماغی مسائل جیسے فالج، پارکنسن، ملٹی پل اسکلروسیس، ڈاؤن سنڈروم اور آٹزم میں پٹھوں پر کنٹرول کم ہونے کے باعث رال بہنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

اس کے علاوہ انفیکشنز جیسے ٹانسلائٹس، سائنوس انفیکشن یا حلق کی دیگر بیماریاں بھی اس مسئلے کا سبب بن سکتی ہیں۔ الرجی یا ناک بند ہونے کی صورت میں چونکہ سانس منہ کے ذریعے لی جاتی ہے، اس لیے رال بہنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ معدے کی تیزابیت بھی نیند کے دوران رال بہنے کی ایک عام وجہ قرار دی جاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مسئلے سے بچاؤ کے لیے درست نیند کی پوزیشن اختیار کرنا انتہائی اہم ہے۔ پیٹھ کے بل سونا، ناک کو کھلا رکھنے کے لیے مناسب علاج کرنا، جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دینا اور استعمال کی جانے والی ادویات کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لینا مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

اگر رال بہنے کی مقدار زیادہ ہو یا اس کے ساتھ سانس لینے میں دشواری، نگلنے میں مشکل یا نیند میں خلل جیسی علامات بھی ظاہر ہوں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے تاکہ کسی ممکنہ بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج ہو سکے۔

ماہرین کے مطابق نیند میں رال بہنا اکثر ایک معمول کی کیفیت اور گہری نیند کی علامت ہو سکتی ہے، تاہم اسے مستقل طور پر نظرانداز کرنا درست نہیں۔

درست نیند کی عادات، ناک کی مناسب دیکھ بھال اور صحت مند طرزِ زندگی اپنا کر اس مسئلے کو بڑی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

Watch Live Public News