ویب ڈیسک: ہالی ووڈ فلم ’ہائی اسکول میوزیکل 3‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار میٹ پروکوپ ایک بار پھر قانونی مشکلات میں گھر گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 35 سالہ اداکار کو ٹیکساس میں گرفتار کر لیا گیا ہے اور وہ اس وقت بغیر ضمانت کاؤنٹی جیل میں قید ہیں۔
رپورٹ کے مطابق میٹ پروکوپ پر بچوں سے متعلق فحش مواد رکھنے سمیت متعدد سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ انہیں کرسمس کی شام وکٹوریہ کاؤنٹی میں حراست میں لیا گیا۔
مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تصدیق کی ہے کہ اداکار بدستور جیل میں موجود ہیں اور ان پر گرفتاری کے دوران مزاحمت کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ گرفتاری مبینہ طور پر سابقہ کیس میں عائد کی گئی ضمانتی شرائط کی خلاف ورزی کے باعث عمل میں آئی۔ مذکورہ ضمانتی شرائط مئی 2024 میں ہونے والی ایک گرفتاری سے متعلق تھیں، جس میں میٹ پروکوپ پر سنگین حملے اور مزاحمت کے الزامات لگائے گئے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ضمانتی شرائط کی مبینہ خلاف ورزی کی تفصیلات تاحال عوامی سطح پر سامنے نہیں آ سکیں، جبکہ سابق ڈزنی چینل اداکار کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔