ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (PSL) سیزن 11 کے ڈرافٹ سے قبل سابق ملتان سلطانز کپتان محمد رضوان ایک بار پھر خبروں میں آ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اگر ملتان سلطانز محمد رضوان کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کرتی ہے تو وہ 2026 کے PSL ڈرافٹ میں سب سے زیادہ مانگ والے کھلاڑیوں میں شامل ہو سکتے ہیں، اس صورتحال میں نئی فرنچائز سیالکوٹ محمد رضوان کو حاصل کرنے کی مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔
اگر رضوان ملتان سلطانز سے الگ ہوتے ہیں تو سیالکوٹ فرنچائز انہیں اپنی ٹیم کا کپتان بنانے پر بھی غور کر سکتی ہے، نئی ٹیم اپنی بنیاد مضبوط کرنے کے لیے کسی تجربہ کار پاکستانی انٹرنیشنل کھلاڑی کو قیادت سونپنے کی خواہشمند ہے، اور اس حوالے سے محمد رضوان ایک موزوں انتخاب سمجھے جا رہے ہیں۔
سیالکوٹ فرنچائز نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ اپنی کوچنگ اسٹاف پر بھی کام کر رہی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ ٹیم انتظامیہ سابق قومی کرکٹر اظہر محمود کو کوچنگ رول کے لیے اپروچ کر سکتی ہے، تاہم اس بارے میں ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا اور یہ معاملہ فی الحال قیاس آرائیوں تک محدود ہے۔
سیالکوٹ کی قیادت کے حوالے سے ایک بات واضح ہو چکی ہے ٹیم کا کپتان یا تو پاکستان سے ہوگا یا آسٹریلیا سے۔ اس اعلان کے بعد کپتانی کے ممکنہ امیدواروں کی فہرست محدود ہو گئی ہے،جس سے محمد رضوان کا نام مزید مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آ رہا ہے، بشرطیکہ وہ ڈرافٹ کے لیے دستیاب ہوں۔
دوسری جانب محمد رضوان کی ملتان سلطانز میں صورتحال بھی زیر بحث ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کی جانب سے علی ترین کی علیحدگی کے بعد فرنچائز کے معاملات سنبھالنے کے بعد رضوان نے کپتانی چھوڑ دی تھی۔
اس کے بعد سے یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ PCB ملتان سلطانز کے لیے نئے کپتان کے انتخاب پر غور کر رہا ہے، اور سلمان علی آغا کا نام ممکنہ کپتان کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔