ویرات کوہلی پر تنقید کیوں کی؟بھائی وکاس کوہلی نے سابق بھارتی کرکٹر کو آڑے ہاتھوں لے لیا

ویرات کوہلی پر تنقید کیوں کی؟بھائی وکاس کوہلی نے سابق بھارتی کرکٹر کو آڑے ہاتھوں لے لیا

ویب ڈیسک:بھارتی کرکٹ ٹیم کے بیٹر ویرات کوہلی کے بھائی وکاس کوہلی نے سابق بھارتی کرکٹر اور تجزیہ کار سنجے منجریکر کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیا ہے۔ سنجے منجریکر نے ویرات کوہلی کے ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ویرات کو چاہیے تھا کہ وہ ریڈ بال کرکٹ میں اپنی بہترین فارم دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے، بجائے اس کے کہ ٹیسٹ کرکٹ کو جلدی خیرباد کہہ دیتے۔

سنجے منجریکر  کے ان تبصروں کے بعد وکاس کوہلی نے سوشل میڈیا پر ایک سخت پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے ان ناقدین کو تنقید کا نشانہ بنایا جو ان کے بقول صرف ویرات کوہلی کا نام لے کر خود کو خبروں میں زندہ رکھتے ہیں۔ اگرچہ وکاس نے کسی کا نام نہیں لیا، تاہم شائقینِ کرکٹ کا خیال ہے کہ یہ ردعمل براہِ راست سنجے منجریکر کے بیان کی طرف اشارہ ہے۔

وکاس کوہلی نے اپنے پیغام میں لکھا’ایسا لگتا ہے کہ کچھ لوگوں کی دال روٹی ویرات کوہلی کا نام لیے بغیر نہیں چلتی۔‘‘

یہ پہلا موقع نہیں کہ وکاس کوہلی نے سنجے منجریکر پر تنقید کی ہو،  اس سے قبل بھی وہ منجریکر کے ویرات کوہلی کے آئی پی ایل اسٹرائیک ریٹ سے متعلق بیانات پر سخت ردعمل دے چکے ہیں۔

ویرات کوہلی کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی نے بھی شائقین کی توجہ حاصل کی۔ تقریباً 15 سال بعد انہوں نے وجے ہزارے ٹرافی میں دہلی کی نمائندگی کی، جہاں انہوں نے شاندار آغاز کرتے ہوئے آندھرا کے خلاف 101 گیندوں پر 131 رنز اسکور کیے، جبکہ گجرات کے خلاف 61 گیندوں پر 77 رنز بنائے۔ ان کارکردگیوں پر ویرات کوہلی کو کرکٹ حلقوں کی جانب سے بھرپور سراہا گیا۔

Watch Live Public News