(ویب ڈیسک) گوگل نے اپنی مصنوعی ذہانت "Gemini AI" میں ایک نیا زبردست فیچر متعارف کروایا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے اب صارفین اپنی تصاویر کو آٹھ سیکنڈ کی ویڈیوز میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ اس فیچر میں ویڈیوز کے ساتھ خودکار طور پر آوازیں بھی شامل کی جاتی ہیں، جیسے بیک گراؤنڈ آوازیں اور بول چال بھی۔
یہ نیا فیچر گوگل کے ویڈیو ماڈل Veo 3 سے چلتا ہے اور فی الحال صرف "Google AI Ultra" اور "Pro" صارفین کے لیے دستیاب ہے، وہ بھی مخصوص ممالک میں۔ ویب پر یہ فیچر فوری طور پر دستیاب ہے اور موبائل پر رواں ہفتے کے دوران فراہم کیا جائے گا۔
یہ فیچر کیسے استعمال کریں؟
جیمینائی میں جا کر "Tools" پر کلک کریں ، پھر ویڈیو منتخب کریں ۔ اپنی تصویر اپ لوڈ کریں اور ایک تحریری وضاحت دیں کہ ویڈیو میں حرکت کیسے ہو۔ آپ ڈائیلاگ، ساؤنڈ ایفیکٹس اور دیگر آوازوں کی تفصیل بھی شامل کر سکتے ہیں۔
تیار ویڈیو MP4 فارمیٹ میں 720p ریزولوشن اور 16:9 لینڈ اسکیپ انداز میں فراہم کی جائے گی۔
اس حوالے سے گوگل کا کہنا ہے کہ صارفین اپنی ڈرائنگز، پینٹنگز، یا قدرتی مناظر کو زندگی دے سکتے ہیں۔ ہر ویڈیو پر واضح واٹر مارک ہوگا تاکہ معلوم ہو کہ یہ اے آئی سے بنی ہے، اور ساتھ ہی ایک خفیہ ڈیجیٹل واٹر مارک بھی شامل ہوگا۔
یہ فیچر گوگل کے فلم سازی ٹول فلو ( Flow) میں بھی پہلے سے دستیاب تھا، مگر اب جیمینائی صارفین براہِ راست اسے استعمال کر سکتے ہیں۔ گوگل کے مطابقف فلو ( Flow) آج مزید 75 ممالک میں لانچ کیا جا رہا ہے۔