ویب ڈیسک: فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے مراکش کو 2-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ فرانس مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فرانسیسی ٹیم نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور مراکش کے دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ پہلے ہاف میں فرانس کو کپتان کیلیان ایمباپے کو پنالٹی ایریا میں گرائے جانے پر پنالٹی ملی، تاہم مراکش کے گول کیپر نے ایمباپے کی کک شاندار انداز میں روک کر اپنی ٹیم کو نقصان سے بچا لیا۔ دونوں ٹیمیں وقفے تک کوئی گول نہ کر سکیں۔
دوسرے ہاف میں 60ویں منٹ میں کیلیان ایمباپے نے گول کرکے فرانس کو برتری دلائی، جبکہ 66ویں منٹ میں عثمان ڈیمبیلے نے خوبصورت گول اسکور کرکے اس برتری کو دگنا کر دیا۔
مراکش نے میچ میں واپسی کی کوشش کی، تاہم 82ویں منٹ میں ملنے والی فری کک کو فرانسیسی گول کیپر نے عمدہ انداز میں ناکام بنا دیا۔ اس کے بعد بھی مراکش کو ایک اچھا موقع ملا، لیکن وہ اسے گول میں تبدیل نہ کر سکا۔
میچ کے اختتام پر فرانس نے 2-0 سے کامیابی سمیٹتے ہوئے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔
ایمباپے کا منفرد ریکارڈ
اس میچ میں گول کرنے کے بعد کیلیان ایمباپے کے رواں ورلڈ کپ میں گولوں کی تعداد 8 ہو گئی۔ وہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں دو مختلف ایڈیشنز میں آٹھ، آٹھ گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
اس سے قبل ایمباپے نے قطر میں کھیلے گئے 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں بھی مجموعی طور پر 8 گول اسکور کیے تھے۔