ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای مشہد میں سپردِ خاک

ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای مشہد میں سپردِ خاک
کیپشن: ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای مشہد میں سپردِ خاک

ویب ڈیسک: ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کےشہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق لاکھوں افراد نے نمازِ جنازہ اور جلوسِ جنازہ میں شرکت کی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق نمازِ جنازہ کی امامت آیت اللہ نوری ہمدانی نے کرائی، جبکہ تدفین روضہ حضرت امام رضاؑ کے احاطے میں کی گئی۔ گورنر آفس کا دعویٰ ہے کہ جلوسِ جنازہ میں 70 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای، ان کی بیٹی بشریٰ خامنہ ای، داماد مصباح الہدیٰ باقری، بہو زہرا حداد اور تقریباً ڈیڑھ سالہ نواسی زہرا محمدی کے تابوت لاکھوں سوگواروں کے جلوس کے ساتھ روضہ حضرت امام رضاؑ پہنچائے گئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مشہد کی سڑکوں پر بڑی تعداد میں سوگوار جمع ہوئے، جن میں مرد، خواتین، بزرگ، نوجوان اور بچے شامل تھے۔ شرکاء ایرانی پرچم، تصاویر اور مختلف پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔

رپورٹس میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی نجف سے مشہد منتقل کیا گیا، جہاں ایرانی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے طیارے کو حفاظتی حصار میں ایئرپورٹ تک پہنچایا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تدفین سے قبل میت کو کربلا میں حضرت امام حسینؑ اور حضرت عباسؑ کے روضوں پر بھی لے جایا گیا، جہاں نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔

Watch Live Public News