ویب ڈیسک: شہرِ قائد کراچی میں 6 سالہ محمد ولی کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ بچے کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر بچے کا گلا تار سے گھونٹ کر اسے قتل کیا، جس کے بعد لاش کو اپنے گھر کی الماری میں چھپا دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے لاپتا ہونے پر اہلِ خانہ کی اطلاع کے بعد تلاش شروع کی گئی۔ دورانِ تفتیش معلوم ہوا کہ ملزم نے بعد ازاں لاش کو ایک بوری میں بند کرکے اپنے گھر کی چھت سے متصل خالی پلاٹ میں پھینک دیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم حمزہ کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول اور ملزم ایک ہی محلے کے رہائشی تھے۔
کیس میں مزید پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب پولیس نے ملزم کے والد، چچا اور بھائی کو بھی حراست میں لے لیا۔ تفتیشی حکام کے مطابق ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر جرم چھپانے میں ملزم کی معاونت کی اور واقعے سے آگاہ ہونے کے باوجود پولیس کو بروقت اطلاع نہیں دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، جبکہ شواہد اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔