محکمہ موسمیات نے بارشوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے بارشوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی
کیپشن: محکمہ موسمیات نے بارشوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج شام اور رات کے اوقات میں بالائی علاقوں سمیت چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کیساتھ  بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں پر مغربی ہواؤں کا کمزور سلسلہ اثرانداز ہے، جبکہ بلوچستان کے مغربی حصے میں کم دباؤ کا نظام موجود ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں دن بھر گرم اور مرطوب موسم رہنے کا امکان ہے، جبکہ شام یا رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کے امکانات 35 فیصد ظاہر کیے گئے ہیں۔

پنجاب میں مری، گلیات، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، خوشاب، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، قصور اور منڈی بہاؤالدین سمیت مختلف اضلاع میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اسی طرح کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے بتایا ہے کہ اس وقت ملک کے تمام بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے اور کسی بھی مقام پر سیلابی صورتحال نہیں۔

تاہم آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ علاقوں، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور شمالی و وسطی پنجاب میں کہیں کہیں سے لے کر وسیع پیمانے پر بارش کا امکان ہے، جس کے باعث 11 سے 13 جولائی کے دوران دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافے کی توقع ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات نے کسی بڑے سیلاب کا خدشہ ظاہر نہیں کیا۔

Watch Live Public News