(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف ہیروئن کاجول کے ساتھ نیٹ فلکس سیریز ’ دی ٹرائل‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ و ماڈل نور مالابیکا داس ممبئی کے فلیٹ میں مردہ پائی گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا ’ این ڈی ٹی وی ‘ کے مطابق نور مالابیکا داس کے پڑوسیوں نے ان کے فلیٹ سے بدبو آنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی تھی، متعدد ویب شوز میں کام کرنے والی اداکارہ نور مالابیکا داس کو ممبئی میں اُن کے فلیٹ سے مردہ حالت میں برآمد کیا گیا ہے، پولیس کو شبہ ہے کہ ان کی موت خودکشی سے ہوئی ہے۔
اداکاری سے قبل قطر ایئر ویز کے ساتھ منسلک سابقہ ایئر ہوسٹس نور مالابیکا کا تعلق آسام سے تھا اور وہ ممبئی کے علاقے لوکھنڈ والا میں رہائش پذیر تھیں۔
نور مالابیکا کے پڑوسیوں نے بدبو اٹھنے پر پولیس کو اطلاع دی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کے دوران دروازہ توڑ کر 37 سالہ اداکارہ کی بوسیدہ لاش کو برآمد کیا تھا۔
ممبئی پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے اداکارہ کے گھر سے ادویات اور موبائل فون سمیت متعدد اشیاء کے نمونے اکٹھے کیے ہیں۔
اداکارہ کے فلیٹ سے خود کشی سے قبل لکھا گیا کوئی نوٹ برآمد نہیں ہوا ہے۔انہوں نے 2023ء کی نیٹ فلکس سیریز ’ دی ٹرائل‘ میں کاجول کے ساتھ کام کیا تھا۔