میٹا کی بروقت اطلاع پر پولیس نے خودکشی کرنیوالے نوجوان کو بچالیا

میٹا کی بروقت اطلاع پر پولیس نے خودکشی کرنیوالے نوجوان کو بچالیا
کیپشن: میٹا کی بروقت اطلاع پر پولیس نے خودکشی کرنیوالے نوجوان کو بچالیا

ویب ڈیسک: بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم میٹا کی بروقت وارننگ کے بعد پولیس نے ایک نوجوان کی جان بچا لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سردھنا کے علاقے میں ایک نوجوان نے انسٹاگرام پر اپنے گھر سے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں اسے ایک سفید رنگ کا محلول پیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کے ساتھ درج کیپشن میں لکھا تھا: “اب تم خوش رہنا اپنی زندگی میں۔”

پولیس حکام کے مطابق ویڈیو پوسٹ ہونے کے بعد میٹا کی جانب سے شام 6:53 بجے پولیس ہیڈ کوارٹر کے سوشل میڈیا مانیٹرنگ سینٹر کو خودکشی کے خدشے سے متعلق الرٹ موصول ہوا۔

ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی ہدایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مانیٹرنگ سینٹر نے دستیاب موبائل نمبر اور لوکیشن کی تفصیلات کی بنیاد پر میرٹھ پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس ٹیم فوری طور پر نوجوان کے گھر پہنچ گئی۔

پولیس کو موقع پر نوجوان تشویشناک حالت میں ملا، جبکہ اس کے پاس اسی سفید محلول کی بوتل بھی موجود تھی۔ اہل خانہ کی مدد سے اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بروقت طبی امداد کے باعث اس کی جان بچا لی گئی۔

پولیس کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں نوجوان نے بتایا کہ وہ تعلقات ختم ہونے کے بعد شدید ذہنی دباؤ اور تناؤ کا شکار تھا، جس کے باعث اس نے یہ قدم اٹھانے کی کوشش کی۔

حکام کے مطابق میٹا 2022 سے بھارتی پولیس کے ساتھ کوآرڈینیشن کے تحت کام کر رہا ہے، جس کے ذریعے فیس بک اور انسٹاگرام پر خودکشی یا خود کو نقصان پہنچانے سے متعلق پوسٹس کی نشاندہی کر کے فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق یکم جنوری 2023 سے 31 مئی 2026 تک اس نظام کے تحت موصول ہونے والے انتباہات پر کارروائی کرتے ہوئے ریاست بھر میں 3 ہزار سے زائد افراد کی جانیں بچائی جا چکی ہیں۔

Watch Live Public News