ویب ڈیسک: مری ایکسپریس وے پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں سیاحوں کو لے جانے والی وین الٹنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گئی، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہو ئے ہیں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق حادثہ مری ایکسپریس وے پر کھجٹ کے مقام پر پیش آیا، جہاں اسلام آباد سے مری جانے والی وین بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ گاڑی الٹتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث متعدد مسافر جھلس گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس، مری انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے اور متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے کوشش کی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسلام آباد کے پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ جاں بحق افراد اور زخمیوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو 1122 حکام کا کہنا ہے کہ حادثے اور آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ امدادی کارروائیاں مکمل ہونے تک متعلقہ ادارے موقع پر موجود رہیں گے۔
دریں اثنا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے واقعے کی فوری رپورٹ بھی طلب کر لی ہے اور متعلقہ حکام کو تمام پہلوؤں سے تحقیقات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔