(ویب ڈیسک) حریت کانفرنس نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
آزاد کشمیر کی سڑکوں پر مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کی سازش بے نقاب ہوگئی۔ احتجاج کی آڑ میں پاکستان مخالف بیانیہ پھیلانے کی کوشش ناکام ہوگئی۔
حریت رہنما کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے،چند شرپسند عناصر آزاد کشمیر میں انتشار پھیلا کر دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دے رہےہیں، پاکستان مخالف نعرے کشمیریوں کی نمائندگی نہیں کرتے،آئینی و قانونی معاملات سڑکوں پر نہیں، متعلقہ فورمز پر حل ہوتے ہیں۔کشمیر میں چند عناصر کے اقدامات سے کشمیر کاز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
حریت کانفرنس نے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کو کشمیری عوام کے مؤقف کے منافی قرار دے دیا۔
حریت قیادت کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش رہنے والے آج پاکستان مخالف مہم چلا رہے ہیں،کشمیری عوام پاکستان کی سیاسی و سفارتی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، پاکستان نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا۔
کشمیری قیادت نے پیغام دیا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ ناقابلِ تسخیر ہے۔
حریت قیادت کا کہنا ہے کہ دشمن قوتیں آزاد کشمیر میں بے چینی پیدا کر کے کشمیر کاز کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔
تمام حریت پسند جماعتیں پاکستان کے ساتھ ہیں، پاکستان مخالف عناصر سے لاتعلقی کا بھی اعلان کردیا۔
حریت رہنما نے کہا کہ پاکستان مخالف مہم دراصل بھارتی بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہے،کشمیری عوام پاکستان کی حمایت اور سفارتی کوششوں پر مکمل اعتماد رکھتی ہے۔