ویب ڈیسک:پشاور اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، محکمہ موسمیات نے ملک کے دیگر حصوں میں بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔آج سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، مری ،گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی گئی، پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والو ں کا کہناہے کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسیں گے، حیدرآباد، سکھر میں بھی بارش کا امکان پیدا ہوگیا۔
خیبرپختونخوا/موسم صورتحال
محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتراضلاع میں بارشوں کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں مزید بارش کاامکان ہے،خیبرپختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش کے ساتھ برف باری کاامکان ہے جبکہ شہر پشاور میں بھی صبح سے بونداباندی جاری ہے اور بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت کم سے کم پانچ جبکہ ذیادہ سے ذیادہ 23ڈگری سینٹی گریڈتک جانے کاامکان ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 10ملی میٹر ،دیر7،تیمرہ گرہ5،سیدوشریف4،کالام3اورپٹن میں دو ملی میٹر جبکہ میرکنی،بالاکوٹ اور چیراٹ میں ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں بارش اور برفباری کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی 10، گوپس منفی 03، استوراور بگروٹ میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی/موسم صورتحال
محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ کراچی میں موسم آج بھی گرم رہے گا،پارہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،آج بھی دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم شدیدگرم اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 19 سے 21 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے،شہر میں اس وقت مطلع جزوی ابر آلود، موسم خشک ہے،موجودہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،شمال مشرق سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
اے کیو آئی کے مطابق شہر کا فضائی معیار خراب ہے،دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چھٹے نمبر پر موجود ہے۔