ویب ڈیسک:سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارت پر جوابی کارروائی شروع کردی ہے۔ آپریشن کا نام ’’بنیان المرصوص‘‘ رکھا گیا ہے۔
بے لگام بھارت کو لگام ڈالنے کا وقت آگیا، سکیورٹی ذرائع کےمطابق بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے، پاکستان نے وقت اور جگہ کا تعین کرلیا۔
آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ کا آغاز ہوگیا۔بنیان مرصوص کا مطلب ہے سیسہ پلائی ہوئی دیوار۔
ترجمہ : بیشک اللّٰہ انہیں دوست رکھتا ہے جو اس کی راہ میں صفیں باندھ کر لڑتے ہیں گویا وہ سیسہ پلائی دیوار ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک پاکستان نے بیاس میں براہموس کی سٹوریج جہاں سے پاکستان پر میزائل داغے گئے، کو تباہ کر دیا گیا ہے ۔پاک فوج کی جانب سے ائیر بیس ادھم پور کو تباہ کر دیا گیا ہے اس کے علاوہ پٹھان کوٹ میں ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وہ تمام بیسز جہاں سے پاکستان کے عوام اور مساجد پر حملے کیے گئے، کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے ،آپریشن میں متعدد ٹارگٹ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ تباہ کردیا گیا۔ سپلائی ڈپو اڑی بھی تباہ کردی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آدم پور ائیر فیلڈ جہاں سے امرتسر میں سکھوں پر، پاکستان اور افغاستان پر میزائل داغے گئے، کو تباہ کر دیا گیا۔بھارتی آرٹلری گن پوزیشن دہرنگیاری کو تباہ کردیا گیا۔ براہموس سٹوریج سائٹ نگروٹا کو بھی تباہ کر دیا گیا، بھاری نقصانات کی اطلاعات ہیں ۔
اس وقت بھارت کے دارالحکومت دہلی میں پاکستانی ڈرونز کی پروازیں جاری ہیں ۔چنڈی گڑھ میں اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا.
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی سورت گڑھ ائیر فیلڈ تباہ کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب کہا گیا تھا بھارت نے طیاروں سے نور خان ایئر بیس، مرید بیس اور شورکوٹ بیس پر حملے کیے ہیں۔ بھارت پورے خطے کو جنگ میں دھکیل چاہتا ہے۔اللہ کے فضل سے پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں ۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اب ہمارے جواب کا انتظار کرو۔