ویب ڈیسک: انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ افغانستان کے خلاف کوئی بھی باہمی کرکٹ سیریز نہیں کھیلے گا۔
ای سی بی کے چیئرمین رچرڈ تھامسن نے کہا کہ یہ فیصلہ طالبان حکومت کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں پر عائد پابندیوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں خواتین کو تعلیم، کھیل اور عوامی زندگی سے دور رکھنا صنفی امتیاز ہے، جو بین الاقوامی کھیلوں کے اصولوں اور روح کے خلاف ہے۔
تھامسن نے مزید کہا کہ ایسے حالات میں افغانستان کے ساتھ معمول کی کرکٹ روابط برقرار رکھنا انسانی حقوق کے مسائل کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہوگا۔
واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے بھی طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان کے خلاف باہمی سیریز منسوخ کر دی ہے۔ تاہم، انگلینڈ نے گزشتہ سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان کے خلاف میچ کھیلا تھا کیونکہ یہ عالمی ٹورنامنٹ تھا اور اس سے دستبرداری پر پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔
دوسری جانب، افغانستان میں خواتین کرکٹ ٹیم نہ بنانے کے اقدام پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، کیونکہ مکمل رکن ممالک کے لیے خواتین کرکٹ کا ڈھانچہ قائم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ادھر انگلینڈ نے اپنے 2026 کے شیڈول کا بھی اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق ٹیم نیوزی لینڈ، بھارت، پاکستان اور سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کھیلے گی۔