پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ’’مدر ڈے‘‘ منایا جا رہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ’’مدر ڈے‘‘ منایا جا رہا ہے
کیپشن: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ’’مدر ڈے‘‘ منایا جا رہا ہے

ویب ڈیسک: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماؤں سے محبت اور ان کے کردار کے اعتراف کا عالمی دن، ’’ مدر ڈے‘‘ منایا جا رہا ہے۔

یہ دن ماؤں کی عظمت، قربانی اور ان کے بے مثال رشتے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ ماں ایک خوبصورت ہستی اور لازوال رشتے کی علامت ہے۔ دن ہو یا رات، اولاد کی خوشیوں اور بھلائی کے لیے ہمیشہ کام کرتی ہے، زندگی کے تمام دکھ اور مصائب اپنے سینے میں چھپا لیتی ہے، اور اپنی اولاد کے چہرے پر بس مسکراہٹ بکھیرتی ہے۔

تاریخی طور پر ماؤں کا عالمی دن پہلی بار 1911ء میں امریکا کی ایک ریاست میں منایا گیا۔ ہر ملک میں اس دن کے لیے مخصوص تاریخ مختلف ہو سکتی ہے، لیکن پاکستان اور اٹلی سمیت کئی ممالک میں یہ دن مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے۔

یقیناً ہر دن ماں کا دن ہے، لیکن خاص طور پر اس دن کو منانے کا مقصد ماؤں کے عظیم کردار کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ کچھ مائیں ایسی بھی ہیں جو مشکلات کو چیلنج سمجھ کر قبول کرتی ہیں اور بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کے لیے گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ معاشرتی یا پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بھی نبھاتی ہیں۔

ماں ہر حال میں اپنی اولاد کی بھلائی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار رہتی ہے۔ اس کا دل ہمیشہ بچوں کے لیے دھڑکتا ہے، اور ان کا بہتر مستقبل اس کی اولین ترجیح ہوتا ہے۔

یہی وہ رشتہ ہے جو انسان کی زندگی میں سب سے بے غرض اور مستقل ہے، مگر افسوس کہ جدید دور میں پاکستان میں اولڈ ہومز کا رواج بڑھ رہا ہے، جہاں وہ مائیں جو اپنی زندگی اولاد کی پرورش اور خدمت میں صرف کرتی ہیں، صدمے اور کرب کے عالم سے گزر رہی ہیں۔

آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ماں کی قربانی اور محبت کو صرف ایک دن نہیں، بلکہ ہر دن یاد رکھنا اور ان کا احترام کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔

Watch Live Public News