ملالہ یوسف زئی کے شریکِ حیات عصر ملک کون ہیں؟

ملالہ یوسف زئی کے شریکِ حیات عصر ملک کون ہیں؟

برمنگھم: (ویب ڈیسک) نوبل انعام حاصل کرنے والی کم عمر ترین پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی نے شادی کر لی ہے۔ شادی کی یہ تقریب برطانیہ کے شہر برمنگھم میں منعقد کی گئی جس میں خاندان کے افراد نے شرکت کی۔ ملالہ نے اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

ملالہ یوسفزئی کے شوہر کا نام عصر ملک ہے۔ ملالہ نے ٹویٹ کر کے اپنی شادی کی معلومات دیں اور لکھا کہ 'آج میری زندگی کا ایک قیمتی دن ہے۔ عصر ملک اور میں نے زندگی بھر ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے لیے شادی کی ہے۔ ہم نے برمنگھم میں اپنے گھر پر خاندان کی موجودگی میں نکاح کی ایک چھوٹی سی تقریب کی۔ ہم آگے کے سفر پر ایک ساتھ چلنے کے منتظر ہیں۔ ہمیں آپ کی نیک خواہشات کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی وادی سوات میں لڑکیوں کی تعلیم کی حمایت کرنے والی ملالہ کو 2012ء میں سکول سے واپسی پر طالبان نے گولی مار دی تھی۔ اس وقت ملالہ کی عمر صرف 15 سال تھی۔

ملالہ کا علاج برطانیہ میں ہوا اور اس کی جان بمشکل بچ پائی۔ اس کے بعد ملالہ نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی۔ ملالہ کی عمر صرف 17 سال تھی جب انھیں 2014ء میں بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ہندوستان کے کیلاش ستیارتھی کے ساتھ مشترکہ طور پر امن کا نوبل انعام ملا تھا۔ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی سب سے کم عمر فاتح تھیں۔

https://twitter.com/Malala/status/1458128016157052938?s=20

عصر ملک کون ہیں؟

ملالہ یوسف زئی کرکٹ کی بڑی مداح ہیں۔ اپنے متعدد انٹرویوز میں وہ اس کا اظہار بھی کرتی رہی ہیں۔ عصر ملک سے ان کی قربت کی ایک وجہ کرکٹ بھی رہی۔

عصر ملک پاکستان کرکٹ بورڈ کے 'ہائی پرفارمنس سینٹر' کے جنرل مینیجر ہیں۔ وہ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے ساتھ بطور آپریشنل منیجر کام کر چکے ہیں اور وہ پلیئر مینجمنٹ ایجنسی بھی چلاتے تھے۔

انہوں نے 2012 میں لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) سے معاشیات اور سیاسیات میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔عصر ملک نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ملالہ یوسف زئی کے ساتھ نکاح کی تصاویر جاری کی ہیں۔ اس سے قبل 2019 میں ورلڈ کپ کے دوران بھی انہوں نے ملالہ کے ساتھ اپنی ایک تصویر انسٹاگرام پر جاری کی تھی، جس میں ان دونوں کے علاوہ پاکستانی اسپنر ثقلین مشتاق بھی دیکھے جاسکتے تھے۔

مقامی نشریاتی ادارے کے مطابق ملالہ یوسف زئی اور عصر ملک کی ملاقات دو سال پہلے ہوئی تھی جو دوستی میں بدل گئی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔