کولمبیا: 82 سالہ خاتون کے پیٹ میں 40 سال پرانےبچےکاانکشاف،ڈاکٹر بھی حیران

کولمبیا: 82 سالہ خاتون کے پیٹ میں 40 سال پرانےبچےکاانکشاف،ڈاکٹر بھی حیران
کیپشن: کولمبیا: 82 سالہ خاتون کے پیٹ میں 40 سال پرانےبچےکاانکشاف،ڈاکٹر بھی حیران

ویب ڈیسک: جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں ایک غیر معمولی طبی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں 82 سالہ خاتون کے پیٹ سے 40 سال پرانا مردہ بچہ دریافت ہوا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق خاتون طویل عرصے سے پیٹ درد میں مبتلا تھیں اور معمول کے معائنے کے لیے اسپتال پہنچیں۔ ایم آر آئی اسکین کے دوران ڈاکٹروں نے حیران کن طور پر ان کے پیٹ میں مردہ جنین کی موجودگی کا انکشاف کیا جو گزشتہ چار دہائیوں سے ان کے جسم کے اندر محفوظ تھا۔

ماہرین کے مطابق یہ ایک انتہائی نایاب طبی کیفیت ہے جسے "لیتھوپیڈین" یا "پتھریلا بچہ" کہا جاتا ہے۔ یہ اس وقت ہوتا ہے جب حمل بچہ دانی کے بجائے پیٹ کے اندر ٹھہر جائے۔ ایسے میں جنین کو خون کی مناسب فراہمی نہ ہونے کے باعث وہ زندہ نہیں رہ پاتا۔

اگر جسم اس مردہ بچے کو خود سے خارج نہ کر سکے تو مدافعتی نظام انفیکشن سے بچاؤ کے لیے اسے کیلشیم کی تہہ میں لپیٹ دیتا ہے، جو وقت کے ساتھ سخت ہو کر پتھر جیسی شکل اختیار کر لیتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق خاتون کے پیٹ میں موجود کیلشیم زدہ جنین تقریباً چار پاؤنڈ وزنی تھا اور دہائیوں تک ان کے جسم میں پوشیدہ رہا، جس کا انکشاف بالآخر ایکس رے اور ایم آر آئی اسکین کے ذریعے ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں لیتھوپیڈین کے ایسے کیسز انتہائی کم ریکارڈ کیے گئے ہیں اور اب تک صرف چند سو واقعات ہی سامنے آئے ہیں۔ اکثر مریضوں کو اس کیفیت کا علم تب ہوتا ہے جب وہ کسی اور بیماری یا آپریشن کے لیے طبی معائنے کرواتے ہیں۔

Watch Live Public News