(ویب ڈیسک ) حکومت نے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کل قومی اسمبلی سے لینے کا فیصلہ کیاہے۔
تفصیلات کے مطابق 27 ویں آئینی ترمیم کا بل کل منظوری کے لیے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11 بجے ہو گا، 11 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ستائیسویں آئینی ترمیم کا بل منظوری کے لئے پیش کریں گے۔
جاری ایجنڈے کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کئے جائیں گے۔دو تعلیمی اداروں کے قیام کے حکومتی بل بھی منظوری کے لئے پیش ہوں گے۔
قبل ازیں سینیٹ نے دوتہائی اکثریت سے 27 ویں آئینی ترمیم منظور کرلی ہے۔ آئینی ترمیمی بل منظوری کیلئے اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔
سینیٹ اراکین نے 27 ویں ترمیم کے حق یا مخالفت میں لابیز میں جا کر ووٹ دیا اور یوں 64 ارکان نے ترمیمی بل کے حق میں ووٹ دیا جبکہ مخالفت میں کوئی ووٹ نہ آیا۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے رولنگ دی کہ 27 ویں آئینی ترمیمی بل سینیٹ سے منظور کرلیا، 27 ویں آئینی ترمیمی بل کے حق میں 64 ووٹ آئے جبکہ آئینی ترمیم کے خلاف کوئی ووٹ نہیں آیا۔