ویب ڈیسک: کراچی میں حالیہ بارشوں کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو گئی ہیں اور شہر بھر کے اسکولوں کو آج بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش کی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کی حفاظت اور طلبہ کی مشکلات کے ازالے کے لیے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کمشنر کے اعلان کے بعد ڈاؤ یونیورسٹی کی انتظامیہ نے بھی آج ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق طلبہ کو نئی تاریخوں کے بارے میں جلد اطلاع دے دی جائے گی تاکہ وہ دوبارہ تیاری کر سکیں۔
واضح رہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ منگل کی صبح سے ملیر، قائد آباد، شاہ فیصل کالونی، سرجانی ٹاؤن، صفورا، گلستان جوہر، سہراب گوٹھ، صدر، کلفٹن اور شاہراہ فیصل سمیت متعدد علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش دیکھنے میں آئی۔ خاص طور پر منگل کی رات 8 بجے کے بعد بارش کے ایک تیز اسپیل نے ٹریفک نظام درہم برہم کر دیا۔
شاہراہ فیصل، ڈرگ روڈ انڈر پاس، ماڈل کالونی، راشد منہاس روڈ، نیپا، صفورا اور ملیر کے کئی علاقے برساتی پانی میں ڈوب گئے جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ شہریوں کو دفاتر اور گھروں تک پہنچنے میں بھی طویل ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح گلشن اقبال، ناظم آباد اور سائٹ ایریا میں بھی موسلا دھار بارش کے باعث پانی جمع ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش کا سلسلہ فی الحال ختم نہیں ہوا۔ ادارے کے مطابق سسٹم کا مرکز ابھی کراچی کے قریب موجود ہے اور آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش کا ایک اور اسپیل شہر کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔