ویب ڈیسک: ایپل نے اپنی سالانہ لانچ ایونٹ کے دوران ٹیکنالوجی کی دنیا کو حیران کرتے ہوئے کئی نئی مصنوعات متعارف کرائیں۔ ان مصنوعات میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز نیا آئی فون 17 ایئر رہا، جو کمپنی کے مطابق اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ہے۔ اس کے ساتھ ایپل نے آئی فون 17 سیریز، ایئرپوڈز پرو 3 اور نئی ایپل واچز بھی پیش کی ہیں، جو 19 ستمبر سے مارکیٹ میں دستیاب ہوں گی۔
آئی فون 17 ایئر
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی فون 17 ایئر کی موٹائی محض 5.6 ملی میٹر ہے، جسے دنیا کا سب سے پتلا آئی فون قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کی قیمت 999 ڈالر رکھی گئی ہے۔ یہ ڈیوائس جدید A19 پرو پروسیسر کے ساتھ آتی ہے اور صرف eSIM کی سپورٹ فراہم کرتی ہے۔ آئی فون 17 ایئر چار رنگوں میں دستیاب ہوگا: اسپیس بلیک، کلاؤڈ وائٹ، لائٹ گولڈ اور اسکائی بلیو۔
آئی فون 17
معمول کا آئی فون 17 اس بار 6.3 انچ بڑی اسکرین اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔ اس میں 48 میگا پکسل کا نیا کیمرہ اور بہتر سیلفی کیمرہ دیا گیا ہے، جبکہ بیس ماڈل کی اسٹوریج 256 جی بی رکھی گئی ہے۔
آئی فون 17 پرو اور پرو میکس
پرو ماڈل کی قیمت 1,099 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ اس میں ایلومینیم باڈی، طاقتور کیمرہ سسٹم اور جدید کولنگ ٹیکنالوجی شامل کی گئی ہے تاکہ ہیوی گیمز یا طویل استعمال کے دوران فون زیادہ گرم نہ ہو۔ پرو میکس ورژن میں 2 ٹیرا بائٹ تک اسٹوریج کی سہولت دستیاب ہوگی۔
ایئرپوڈز پرو 3
ایپل کے نئے ایئرپوڈز پرو 3 بھی تقریب میں نمایاں رہے۔ یہ بہتر نوئز کینسلیشن کے ساتھ آتے ہیں اور ان میں نیا فیچر شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے دل کی دھڑکن چیک کی جا سکتی ہے۔ مزید یہ کہ ان ایئرپوڈز میں لائیو ٹرانسلیشن کا فیچر بھی موجود ہے۔ ایک بار چارج کرنے پر یہ آٹھ گھنٹے تک مسلسل استعمال ہو سکتے ہیں، جبکہ ان کی قیمت 249 ڈالر رکھی گئی ہے۔
ایپل واچز
اس تقریب میں ایپل واچ کی نئی لائن اپ بھی متعارف کرائی گئی۔ ان میں واچ سیریز 11 (399 ڈالر)، واچ ایس ای 3 (249 ڈالر) اور واچ الٹرا 3 (799 ڈالر) شامل ہیں۔ نئی واچز میں بلڈ پریشر الرٹ اور سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی جیسے جدید فیچرز موجود ہیں۔ تاہم بلڈ پریشر والا فیچر تاحال امریکی ریگولیٹری ادارے کی منظوری کا منتظر ہے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق ایپل کی یہ نئی پروڈکٹس خاص طور پر نوجوان صارفین اور ٹیک شائقین کے لیے پرکشش ثابت ہوں گی، جبکہ سب سے زیادہ توجہ آئی فون 17 ایئر نے اپنی خوبصورتی اور پتلے ڈیزائن کے باعث حاصل کی ہے۔